آرمی چیف کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس، بھارتی میزائل واقعے پر تشویش کا اظہار
بھارتی میزائل حادثے جیسے واقعات کسی بڑے سانحے کا محرک ہوسکتے ہیں، عالمی فورمز میزائل واقعے، بھارتی اسٹریٹجک اثاثوں کے تحفظ اور پروٹوکول کا سنجیدگی سے جائزہ لیں، ملکی دفاع کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ شرکاء کورکمانڈرز کانفرنس
راولپنڈی (ہم آواز نیوز تازہ ترین۔ 15 مارچ 2022ء) آرمی چیف
جنرل قمر جاوید باجوہ
کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس میں
بھارتی میزائل واقعے پر تشویش کا اظہار کیا گیا، کورکمانڈرز نے قرار دیا کہ
بھارتی میزائل جیسے واقعات کسی بڑے سانحے کا محرک ہوسکتے ہیں، عالمی فورمز میزائل واقعے، بھارتی اسٹریٹجک اثاثوں کے تحفظ اور پروٹوکول کا سنجیدگی سے جائزہ لیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی، کانفرنس میں شرکاء کو ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز اور علاقائی سیکیورٹی امور سے متعلق بریفنگ دی گئی،مغربی سرحدی انتظام میں پیشرفت بھی بریفنگ کا اہم حصہ تھی۔ فورم نے بھارتی میزائل فائرنگ کے حالیہ واقعہ پر تشویش کی اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا، شرکاء نے اظہار خیال کیا کہ بھارت کے حادثاتی قرار دیے گئے میزائل واقعے سے بڑی تباہی ہوسکتی تھی۔
شرکاء نے عزم کا اظہار کیا کہ ملک کے دفاع کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے، بھارتی غلطی کے اعتراف کے باوجود عالمی فورمز واقعہ کا سنجیدگی سے جائزہ لیں، بھارتی اسٹریٹجک اثاثوں کے تحفظ اور پروٹوکول کی جانچ اہم ہے، ایسے خطرناک واقعات کسی بڑے سانحے کا محرک ہوسکتے ہیں، ایسے واقعات علاقائی امن، تذویراتی استحکام کو شدید خطرات میں ڈال سکتے ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کامیاب انسداد دہشتگردی آپریشنزکو سراہا۔ فورم نے ملکی سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کا عزم کیا۔آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے ہدایت کی 23 مارچ کی پریڈ اور او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس کیلئے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کیا جائے۔
No comments:
Post a Comment